ایل او سی پر فائرنگ سے شہری کی شہادت، پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

Last Updated On 18 August,2018 08:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارتی فوج کا جنگی جنون، ایک بار پھر کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، بھارتی فائرنگ سے ایک شہری شہید ہوگیا۔ پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

بھارت نے نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی خیر سگالی کی پیش کش کے باوجود حلف برداری تقریب کے موقع پر کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔ بھارتی فوج نے ایل او سی کے دانا سیکٹر پر فائرنگ کی، جس سے ایک شہری شہید ہوگیا۔ پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔ ڈی جی ساوتھ ایشیاء و سارک ڈاکٹر فیصل کی جانب سے جے پی سنگھ کو تھمائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے لائن آف کنٹرول پر شہریوں کی شہادتیں قبول نہیں ہیں۔ بھارت کے اقدام سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ اندھا دھند فائرنگ سے 65 سالہ شہری محمد ذوالفقار شہید ہوئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج کے موثر جواب سے بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے 2018 میں اب تک 1577 بار لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔

Advertisement