پنجاب حکومت کا لیپ ٹاپ سکیم ختم کرنے کا اعلان

Last Updated On 04 December,2018 06:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے لیپ ٹاپ سکیم ختم کر نے کا اعلان کردیا۔ وزیر تعلیم راجہ ہمایوں یاسر کہتے ہیں کہ لیپ ٹاپ جیسی کوئی سکیم نہیں لا رہے، ریکارڈ نیب کو فراہم کر دیا۔ 20 ارب روپے لگائے گئے مگر سکیم کے متوقع نتائج برآمد نہ ہوئے۔

پی ٹی آئی حکومت نے لیپ ٹاپ سکیم کیلئے موجودہ بجٹ میں کوئی فنڈز نہیں رکھے۔ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی جانب سے سرکاری یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیرتعلیم طلبا کو اعلی تعلیمی کارکردگی پر لیپ ٹاپ دینے کی سکیم شروع کی گئی تھی تاہم موجودہ حکومت نے سکیم ختم کر دی ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم راجہ ہمایوں یاسر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ خرید کر خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا اور طلبا کو دیئے گئے لیپ ٹاپس کی کوالٹی بھی تسلی بخش نہیں۔ سکیم پر 20 ارب خرچ کر دئیے گئے، سارا ریکارڈ نیب کے حوالے کر دیا ہے۔