ن لیگ کے 7 رہنماؤں نے این آر او مانگا، سب کے نام بتا سکتے ہیں: مراد سعید

Last Updated On 12 December,2018 06:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مراد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ کے 7 رہنماؤں نے ان سے این آر او مانگا، جس رہنما نے سب سے پہلے رابطہ کیا وہ آج بھی ایوان میں موجود ہے، اگر کہیں تو سب کے نام بتانے کے لیے بھی تیارہیں۔

وزیر مملکت مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج جس طرح سے ایوان کی کارروائی آگے بڑھ رہی تھی تو سوچ رہے تھے آج قانون سازی ہوگی، ہم توقع کر رہے تھے کہ آج ایوان میں عوامی مسائل اٹھائے جائیں گے، کیا اپوزیشن کرپشن سے متعلق اس قرارداد سے اتفاق کرتی ہے ؟ انہوں نے کہا میں کیسز آگے ضرور بھجواؤں گا اور تمام فائلیں دوں گا، میں نے تمام منصوبوں کا فرانزک آڈٹ کرایا، آڈٹ پیراز کاحوالہ نہیں دیا۔

 دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد نے کہا ہے کہ اپنے کرتوت کا پتہ ہے اسی لئے اپوزیشن کو اپنی پڑگئی، سعد رفیق کی گرفتاری ہائی کورٹ سے ضمانت منسوخ ہونے کے بعد ہوئی، نیب پر کنٹرول نہیں۔ انہوں کہا ن لیگ کی تربیت میں مسئلہ ہے دوسروں کی بات نہیں سنتے، رونا دھونا ہی کرنا ہے یا جواب بھی سننا ہے، سعد رفیق کی گرفتاری ہائیکورٹ میں مکمل سماعت کے بعد کی گئی۔

فواد چودھری کا کہنا تھا چور کی داڑھی میں تنکا، اپوزیشن کو اپنے کرتوت یاد ہیں، اپوزیشن والے گھبرا گئے ہیں یہ جواب نہیں سنتے۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت احتساب کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی، ہمیں نہیں معلوم نیب نے کن کیسز میں لوگوں کو گرفتار کیا، انوکھے لاڈلے اب کھیلنے کو چاند مانگ رہے ہیں، 10 سال میں جیسے ملک چلایا سب کے سامنے ہے، اپوزیشن میں بات سننے کا حوصلہ ہی نہیں۔