لاہور: (دنیا نیوز) ریٹرننگ آفیسر نے پی پی 168 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیدیا، ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج ہی ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق ریٹرننگ آفیسر نے لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی 168 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے امیدواروں کو فوری طلب کر لیا ہے، ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج ہی ہو گی۔
مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا خالد قادری نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست جمع کروائی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حلقے میں مسترد ووٹوں کی تعداد زیادہ ہے، اس لیے پی ٹی آئی امیدوار ملک اسد کھوکھر کی جیت کا نوٹیفکیشن ابھی جاری نہ کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروانے کا حکم دیا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی چھوڑی ہوئی نشست پی پی 168 لاہور میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار اسد کھوکھر 17 ہزار 579 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے جبکہ ن لیگ کے رانا خالد 16 ہزار 892 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔