پی پی 168:ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل، پی ٹی آئی امیدوار کی فتح برقرار

Last Updated On 14 December,2018 11:17 pm

لاہور (دنیا نیوز) پی پی 168 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل، ریٹرننگ افسر رحم زادہ نے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا نتیجہ جاری کر دیا۔

نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹٰ آئی) کے امیدوار اسد کھوکھر کے 114 ووٹ مزید بڑھ گئے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار اسد کھوکھر 17571 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر رہے اور مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا خالد قادری 16870 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

دوبارہ گنتی کے لیے ریٹرننگ افسر کی ہدایت پر 33 پولنگ سٹیشن کے تھیلے کھولے گئے تھے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا خالد قادری نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست جمع کروائی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حلقے میں مسترد ووٹوں کی تعداد زیادہ ہے، اس لیے پی ٹی آئی امیدوار ملک اسد کھوکھر کی جیت کا نوٹیفکیشن ابھی جاری نہ کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروانے کا حکم دیا جائے۔

گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی چھوڑی ہوئی نشست پی پی 168 لاہور میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں‌ تحریک انصاف کے امیدوار اسد کھوکھر 17 ہزار 579 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے جبکہ ن لیگ کے رانا خالد 16 ہزار 892 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔