تحریک انصاف کا وزیراعلیٰ سندھ پر استعفی کیلئے دباؤ بڑھانے کا فیصلہ

Last Updated On 30 December,2018 05:00 pm

لاہور: تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ سندھ پر مستعفی ہونے کیلئے دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا، وزیراعظم کی جی ڈی اے کے ایم این اے سردار علی گوہر مہر سے ٹیلیفونک رابطے میں سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی، فواد چوہدری کل سے سندھ مشن شروع کریں گے۔

سندھ سرکار کیسے گرائیں، کیسے بنائیں، پی ٹی آئی کے کھلاڑی حرکت میں آگئے، کپتان بھی میدان میں کود پڑے، وزیراعظم کی جی ڈی اے کے ایم این اے سردار علی گوہر مہر سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں عمران خان نے سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور دورہ گھوٹکی کی دعوت قبول کی۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق وزیراعظم دورے کے دوران سندھ کی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کے مشن سندھ کا آغاز کل سے ہوگا۔ کراچی، بدین، سکھر اور لاڑکانہ کے دوروں کے دوران جی ڈی اے اور متحدہ رہنماؤں سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

فواد چوہدری کہتے ہیں مراد علی شاہ جے آئی ٹی میں مرکزی ملزم ہیں مستعفی ہوجائیں، پیپلزپارٹی کسی اورکو وزیراعلٰی بنالے کوئی اعتراض نہیں۔

ادھر پیپلزپارٹی نے بھی اپنی حکومت بچانے کیلئے سرتوڑ کوششیں شروع کردی ہیں۔ مرتضٰی وہاب نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ ہتھکنڈے ماضی میں بھی آزمائے گئے پیپلزپارٹی گھبرانے والی نہیں، خورشید شاہ بولے سندھ میں گورنر راج لگانا ممکن نہیں ،آئین اور قانون میں اس کی کوئی گنجائش نہیں۔

 

Advertisement