دہشتگردوں کی لورالائی میں ایف سی ٹریننگ سنٹر پر حملے کی کوشش ناکام

Last Updated On 01 January,2019 10:20 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) محافظوں نے دہشتگردوں کو مرکزی گیٹ پر ہی روک لیا، حملہ آوروں کی اندھا دھند فائرنگ، جوابی کارروائی میں چاروں انجام کو پہنچ گئے، 4 اہلکار فرض پر قربان ہو گئے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بزدل دشمنوں کے ایک اور وار کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ دہشتگردوں نے لورالائی میں ایف سی ٹریننگ سنٹر پر حملے کی کوشش کی لیکن انھیں مرکزی گیٹ پر ہی روک لیا گیا جس کے بعد حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی، سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے چاروں کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد چوکی کے قریبی احاطے میں گھسے تو سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر احاطے کا گھیراو کر لیا، بہادر جوانوں کی کارروائی سے دہشتگرد رہائشی علاقے میں داخل نہ ہو سکے۔

مارے گئے دہشتگردوں میں ایک خود کش بمبار بھی شامل تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوئے۔

شہید ہونے والوں میں صوبیدار میجر منور، حوالدار اقبال، حوالدار بلال اور سپاہی نقشب شامل ہیں۔