چیئرمین نیب سے اراکین پارلیمنٹ کی ملاقات، خورشید شاہ کی مخالفت

Last Updated On 04 January,2019 04:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے اپوزیشن ارکان کی چیئرمین نیب سے ملاقات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو چیئرمین نیب سے ملاقات نہیں کرنی چاہیے۔

غیر رسمی گفتگو میں سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کا چیئرمین نیب کے پاس جا کر ملاقات کرنا مضحکہ خیز ہے۔ چیئرمین نیب کے پاس جانے سے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہو گا، چیئرمین نیب وہی کرے گا جو قانون کہتا ہے۔ اگر ہمارے پاس اکثریت ہے تو قانون میں ترمیم کرنی چاہیے، اس میں نہیں پڑنا چاہیے کہ قانون کا قصور وار کون ہے یا کون نہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ چیئرمین نیب کو جو اختیار دیا، اسی پارلیمنٹ نے دیا۔ اراکین پارلیمنٹ کا چیئرمین نیب کے پاس جانے سے پارلیمنٹ کی حیثیت کیا رہے گی؟ اس طرح پارلیمنٹ ڈی گریڈ ہو جائے گی۔ بہتر ہوتا کہ چیئرمین نیب کو سپیکر قومی اسمبلی پارلیمنٹ میں بلاتے۔ ان ہاؤس کمیٹی یا اجلاس میں چیئرمین نیب سے ان کیمرہ بریفنگ لی جاتی، انھیں پارلیمنٹ میں بلایا جاتا تو مضحکہ خیز نہ ہوتا۔

 

 

Advertisement