کوشش تھی نئی گاج ڈیم کا معاملہ میرے ہوتے ہوئے حل ہو جاتا: چیف جسٹس

Last Updated On 11 January,2019 10:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے نئی گج ڈیم تعمیر سے متعلق کیس میں وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب، وزیر خزانہ اسد عمر اور سیکرٹری کابینہ کو منگل کے روزطلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ خواہش تھی ریٹائرمنٹ سے پہلے معاملہ حل ہو جاتا، مگر بعض خواہشیں، خواہشیں ہی رہ جاتی ہیں۔

 سپریم کورٹ میں نئی گج ڈیم تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے نئی گج ڈیم تعمیر کرنے کی سفارش ایکنک کو کر دی ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس طرح تو یہ معاملہ ایکنک میں جاکر پھنس جائے گا۔ خواہش تھی کہ ریٹائرمنٹ سے قبل معاملہ حل ہو جاتا، مگر بعض خواہشیں خواہشیں ہی رہ جاتی ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ابھی چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ میں ایک ہفتہ باقی ہے۔

عدالت نے کہا آئندہ پیر تک سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس کے منٹس پیش کئے جائیں۔ سپریم کورٹ نے وزیر بجلی عمر ایوب، وزیر خزانہ اسد عمر اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو منگل کے روز طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

 

Advertisement