کراچی: سکول وینوں کیلئے پیلا رنگ مخصوص کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 11 January,2019 07:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کمشنر کراچی کے زیر صدارت سکول وینوں میں گیس سلنڈر استعمال کرنے کیخلاف اجلاس ہوا جس میں ڈی آئی جی ٹریفک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران نے شرکت کی۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب میں کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ سکول وینوں میں گیس سلنڈر کے استعمال پر قانونی طور پر پابندی ہے، اس قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔

کمشنر کراچی افتخار شالوانی کے زیر صدارت اجلاس میں سکول وینوں کے قانون پر پوری طرح عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سکول گاڑیوں کے لیے پیلا رنگ مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں سکول وین ڈرائیوز نے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کی تھی جس سے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

ڈرائیورز کا موقف ہے کہ مہنگائی کے دور میں گاڑیاں پٹرول پر نہیں چلا سکتے، ٹریفک پولیس ڈرائیورز کو ہراساں کر رہی ہے، پہلے ماحولیات کے نام پر سی این جی کی طرف راغب کیا گیا اور اب اورنگی ٹاؤن حادثے کا جواز بنا کر ڈرائیوروں کو تنگ کیا جا رہا ہے۔

ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کے خلاف احتجاج بھی کریں گے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ یا تو پٹرول سستا کیا جائے یا پھر انھیں گیس سلنڈرز پر گاڑیاں چلانے کی اجازت دی جائے۔
 

 

Advertisement