ای سی ایل میں ہونے کے باوجود لیاقت جتوئی کیسے باہر چلے گئے؟

Last Updated On 13 January,2019 04:09 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) مختلف مقدمات میں قومی احتساب بیورو کو مطلوب ملزم پی ٹی آئی رہنما لیاقت جتوئی ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود بیرون ملک روانہ ہو گئے۔ تحریک انصاف کے رہنما پر کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات ہیں۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لیاقت جتوئی سعودی عرب عمرے کی ادائیگی کے لئے گئے ہیں، تحریک انصاف کے رہنما لیاقت جتوئی پر کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات ہیں جب کہ نیب کی سفارش پر لیاقت جتوئی کا نام ای سی ایل میں بھی شامل ہے ۔ای سی ایل میں ہو نے کے باوجود لیاقت جتوئی باہر کیسے چلے گئے؟

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ لیاقت جتوئی نے ایک دن قبل ون ٹائم پرمیشن کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست دی تھی۔ درخواست اسی دن منظور کر لی گئی اور وہ اسی روز ملک سے باہر چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے ان کی عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آنے کی یقین دہانی منظور کی تھی۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ انہو ں نے چار فروری تک کے لئے ملک سے باہر جانے کی اجازت مانگی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے ون ٹائم پرمیشن کی درخواست منظور کرنے کیلئے نیب کو اعتماد میں نہیں لیا نہ ہی نیب نے انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت دی تھی۔