فاروق ستار نے ایم کیو ایم کی رکنیت خارج کرنے کیخلاف ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

Last Updated On 28 January,2019 02:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم کی رکنیت خارج کرنے کیخلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی سے رکنیت خارج کرنے کا نوٹیفکیشن بھی مانگ لیا۔

متحدہ قومی موومنٹ کا اندرونی تنازعہ عدالت پہنچ گیا۔ پارٹی رکنیت خارج کرنے کیخلاف ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ انہوں نے کہا پارٹی کا سربراہ رہا، رکنیت سے خارج کرنا الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا رابطہ کمیٹی نہیں بنیادی رکنیت کی بحالی چاہتا ہوں، دو لائن کی پریس ریلیز جاری کر کے مجھے پارٹی سے نکالا گیا، خالد مقبول صدیقی نوٹیفکیشن دکھائیں۔ سابق سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے میئر کراچی سے استعفی کا مطالبہ بھی کر دیا اور کہا وسیم اختر نے 5 لاکھ خاندانوں کو بے روزگار کیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر کو نوٹس جاری کردیئے اور کہا 7 فروری کو آئندہ سماعت پر مطمئن کیا جائے کہ یہ درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں۔