لورالائی میں دہشت گردوں کا حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید، 17 افراد زخمی

Last Updated On 29 January,2019 06:14 pm

لورالائی: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں ڈی آئی جی کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے جبکہ دو دہشت گرد بھی مارے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لورالائی کے کوئٹہ روڈ پر قائم ڈی آئی جی پولیس ژوب ڈویژن کے آفس اور تحریری امتحان دینے والے امیدواروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس دوران دفتر کے داخلی گیٹ پر ایک دہشت گرد نے حملہ کر کے اپنے اپ کو اڑا لیا۔

بھگدڑ مچ جانے کے دوران تین دہشت گرد ڈی آئی جی آفس کے اندر داخل ہو گئے، فائرنگ شروع کر دی اور دستی بموں سے حملہ بھی کیا۔ حملے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ مزید نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد بھی مارے گئے جبکہ حملے کے دوران دو پولیس اہلکار شہید جبکہ اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق آپریشن تاحال جاری ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔