مطالبات تسلیم، سندھ میں تین روز بعد ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال ختم

Last Updated On 30 January,2019 08:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے مسیحاؤں کی ہڑتال ختم، پنجاب کے ڈاکٹرز کے برابر تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ منظور کر لیا گیا۔ مشیر اطلاعات سندھ نے یقین دہانی کرائی تو ینگ ڈاکٹرز نے کل سے ہسپتالوں میں کام کرنے کی حامی بھر لی۔

تنخواہوں میں اضافے کے لیے مسیحائی چھوڑنے والے ینگ ڈاکٹرز کی سنی گئی۔ وزیر صحت سندھ کے زبانی وعدوں پر یقین نہ کرنے ڈاکٹرز نے مشیر اطلاعات سندھ کی زبان پر بھروسہ کر لیا۔ مرتضیٰ وہاب نے ایک ہفتے میں سارے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

اس سے قبل وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ینگ ڈاکٹرز کو مذاکرات کیلئے بلایا اور تنخواہیں پنجاب کے ڈاکٹروں کے برابر کرنے کی یقین دہانی کرائی مگر ینگ ڈاکٹرز نوٹیفکیشن جاری کرنے پر اصرار کرتے رہے۔ معاملہ مشیر اطلاعات سندھ کے اعلان پر طے ہوا۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ نے تین روز سے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کا بائیکاٹ کر رکھا تھا۔ مطالبہ تھا کہ ہاؤس آفیسر، پوسٹ گریجویٹ، آر ایم اوز اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی تنخواہیں پنجاب کے ڈاکٹروں کے برابر کی جائیں جبکہ ہیلتھ اور رینٹ الاؤنس میں بھی اضافہ کیا جائے۔

ہڑتال ختم کرنے کے اعلان کے بعد جمعرات سے سندھ کے سرکاری ہسپتال پھر سے آباد ہونے کی امید ہے۔

Advertisement