وطن کا دفاع ناقابل تسخیر، پاک فوج کا نصر میزائل کا کامیاب تجربہ

Last Updated On 31 January,2019 07:56 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) نصر کم فاصلے پر زمین سے زمین پر مار کرنے والا میزائل ہے۔ نصر میزائل کا تجربہ پاک فوج کی سٹریٹیجک فورس کمانڈ کی تربیتی مشقوں کا حصہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی نے نصر میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ نصر میزائل کو تجربے کے لیے موبائل لانچر کے ذریعے لانچ کیا گیا۔ تجربے کا مقصد اینٹی میزائل دفاعی نظام کو ناکام بنانا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نصر میزائل کو جدید ترین بنا دیا گیا ہے جو خطے اور ہمسائیے میں موجود کسی بھی اینٹی میزائل نظام کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ مشقوں کے دوسرے مرحلے کا مقصد دوران پرواز میزائل کی نقل و حرکت تبدیل کرنے کا تجربہ کرنا تھا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود نے تجربے کا مشاہدہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے بیلسٹک میزائل نصر کا کامیاب تجربہ کر لیا


اس سے قبل 24 جنوری کو مشق کے پہلے مرحلے میں ایک ساتھ کئی میزائلوں فائر کرنے کا تجربہ کیا گیا تھا جبکہ 31 جنوری کو مشق کے دوسرے مرحلے میں واحد نصر میزائل فائر کیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاک فوج کی جانب سے نصر بلیسٹک میزائل کا تجربہ کیا گیا تھا۔ نصر میزائل نے انتہائی کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ ڈی جی ایس پی ڈی، کمانڈر اے ایس ایف، چیئرمین نیسکام سمیت دیگر حکام نے میزائل تجربہ دیکھا۔ ملٹی لانچنگ پیڈ سے داغے گئے نصر میزائل نے اپنے ہدف کو کامیابی کیساتھ نشانہ بنایا۔ نصر میزائل کو فائر کرنے بعد اس کا ہدف بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر جنرل زبیر محمود حیات نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی اور پاک فوج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر اظہار اطمینان کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عاف علوی، وزیراعظم عمران خان اور مسلح افواج کے سربراہان نے نصر میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجنئیرز اور قوم کو مبارکباد دی۔

 

Advertisement