وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس آج، 21 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا

Last Updated On 07 February,2019 12:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا، جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ گھریلو صارفین کو گیس کی اووربلنگ اور آلو کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل پر بریفنگ دی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوگا، جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں اضافے کے معاملے پر غور کرے گی، وزیر پیٹرولیم اووربلنگ جب کہ وزیرغذائی تحفظ آلو کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل پر بریفنگ دیںگے۔

اجلاس میں مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم حکومت کے آئندہ کے اہداف پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔ کابینہ کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق ماہانہ بریفنگ دی جائے گی، ضمنی انتخابات 2018ء کیلئے فنڈزسے متعلق ڈیفنس ڈویژن کی سمری، آڈٹ اوورسائٹ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری، انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کی کونسل کی نامزدگی ایجنڈے میں شامل ہے۔

پاکستان بیت المال بورڈ کی تشکیل نو کا معاملہ اور پاکستان رینجرز کے لئے 429 ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی تبدیلی کیلئے فنڈز کے اجراء، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 29 جنوری کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

صحت سے متعلقہ اداروں کی کابینہ ڈویژن سے نیشنل ہیلتھ سروسز کو منتقلی کی منظوری دی جائے گی۔ پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان تجارت کے فروغ سے متعلق ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔