بھارتی فضائیہ کا گرفتار پائلٹ ابھی نندن کون ہے؟

Last Updated On 27 February,2019 10:45 pm

پاکستان میں دراندازی کی کوشش میں اپنا جہاز تباہ کرا کے پاکستانی فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے انڈین فضائیہ کے ونگ کماںڈر ابھی نندن کے بارے میں مختلف چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ وہ کون ہیں؟ اور ان کا بھارت کے کس حصے سے تعلق ہے۔ عوام اس انڈین پائلٹ کے بارے میں جاننے کیلئے انٹرنیٹ پر سرچ کر رہے ہیں۔

اسی حوالے سے سوشل میڈیا پر بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی ایک ویڈیو بھی بہت وائرل ہو رہی ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اسے 2011ء میں فلمایا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق پاکستانی فوج کے زیر حراست اس اںڈین پائلٹ کا نام ابھی نندن ہے جو انڈیا کے سابق ائیر مارشل کا بیٹا ہے۔ ابھی نندن کو پاکستان کے اندر کارروائی کرنے کی ناپاک کوشش میں اپنے جہاز مگ 21 سے ہاتھ دھونا پڑے تاہم خوش قسمتی سے اس کی جان بچ گئی۔ پاک فوج کے جوانوں نے اںڈین پائلٹ کو ناصرف مشتعل عوام کے ہاتھوں بچایا بلکہ اس کو طبی سہولیات بھی فراہم کیں، جس کا اس نے اپنے ویڈیو بیان میں تذکرہ بھی کیا اور پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ انتہائی متاثر کن ہے۔

 

ادھر انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا پائلٹ ابھی نندن لاپتا ہے تاہم انہوں نے اس بارے میں کوئی بات نہیں کی کہ اسے پاکستان میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔