بھارتی دراندازی: بلوچستان اسمبلی نے دشمن کو دو ٹوک پیغام دے دیا

Last Updated On 27 February,2019 08:56 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بھارتی دراندازی پر بلوچستان اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں نے دشمن کو پیغام دے دیا۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے کی آنکھیں نوچ لیں گے۔ پلوامہ واقعہ کو مودی کی انتخابات جیتنے کے لیے سازش قرار دیا۔ قرارداد میں عالمی برادری کو معاملے پر اپنا کردار ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر بابر موسیٰ خیل کی صدارت میں شروع ہوا جس میں گزشتہ شب بھارتی دراندازی پر ایوان کی تمام جماعتوں نے یک زبان ہو کر بھارت کو پیغام دے دیا۔

مشترکہ مذمتی قرارداد میں اراکین نے بھارتی دراندازی پر پاک فضائیہ کی بروقت کاروائی پر خراج تحسین پیش کیا۔ اراکین کا کہنا تھا کہ پلوامہ واقعہ خود بھارت سرکار کی کارستانی ہے جس کا ڈرامہ انتخابات میں سیاسی فائدے کے لیے رچایا گیا۔

معاملے پر پاکستان کے عوام، سیاسی ، مذہبی جماعتیں، حکمران اور افواج ایک پیج پر ہیں۔ ایوان نے عالمی قوتوں سے معاملے کا نوٹس لے کر قیام امن کے کردار اد اکرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ بھارت نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف سفارتی سطح پر سازشیں کیں۔ پاکستان نے موجودہ صورتحال میں اپنا موقف جامع انداز میں دنیا کے سامنے رکھا۔ بھارت ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھے جس کے بعد مذمتی قرارداد ایوان میں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی اور اجلاس یکم مارچ سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔