پاکستانی فضائی حدود جزوی طور پر بحال

Last Updated On 27 February,2019 11:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی اور شمال مغربی فضائی حدود تاحکم ثانی بند رہیں گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے اور اس کا آغاز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہو چکا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی حدود کی بحالی کے بعد دو پروازیں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کی گئیں۔ اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی اور شمال مغربی فضائی حدود تاحکم ثانی بند رہیں گی۔

خیال رہے کہ انڈیا کی دراندازی کے بعد سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں فضائی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان اور پشاور کے ایئرپورٹس بند جبکہ فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔