کرتارپور راہداری پر مذاکرات، بھارت نے پاکستانی وفد کو آنے سے روک دیا

Last Updated On 06 March,2019 09:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی کو برقرار رکھتے ہوئے کرتارپور راہداری پر مذاکرات کیلئے پاکستانی وفد کو دہلی آنے سے روک دیا ہے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کرتارپور راہداری پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ملاقات 14 مارچ کو دہلی میں نہیں بلکہ واہگہ اٹاری سرحد پر ہوگی۔ کرتارپور پر تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی اسی تاریخ کو ملاقات کے بعد ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی تھی جب قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر نے دفتر خارجہ کا دورہ کیا۔ ڈی جی ساؤتھ ایشیا وسارک ڈاکٹر فیصل نے قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر کو دعوت دی تھی۔

اس کے بعد دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر مشاورت کے بعد واپس نئی دہلی روانہ ہوں گے جبکہ کرتارپور راہداری معاہدے کیلئے پاکستانی وفد 14 مارچ کو بھارت کا دورہ کرے گا۔

دفتر خارجہ کا بیان میں کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری معاہدے کیلئے بھارتی وفد 28 مارچ کو پاکستان کا دورہ کرے گا۔ دونوں ممالک میں ملٹری ڈائریکٹوریٹ سطح پر ہفتہ وار رابطے جاری ہیں۔
 

Advertisement