جعلی اکاؤنٹس کیس کے ملزم کیلئے گھرسےکھانا بھجوانےکی درخواست مسترد

Last Updated On 18 March,2019 02:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ملزم نجم زمان کی اہلیہ کی شوہر کو کھانا دینے کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ ملزم کو کھانا دینے کا رسک نہیں لیا جا سکتا۔ ملزم وہی کھانا کھائے جو نیب والے پکاتے ہیں۔

جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ملزم نجم زمان کی اہلیہ نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ اپنے خاوند کو کھانا دینا چاہتی ہیں، اجازت دی جائے۔ احتساب عدالت نے ملزم نجم زمان کی اہلیہ کی استدعا یہ کہہ کر مسترد کر دی کہ آپ زہر ملا کر دے دیں تو کون ذمہ دار ہو گا۔

جس پر ملزم کی اہلیہ نے عدالت سے کہا اللہ معاف کرے، میں زہر کیوں دوں گی۔ اس پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کہا، آپ تو نہیں دیں گی مگر رسک نہیں لیا جاسکتا۔ ملزم کی اہلیہ نے استدعا کی کہ میرے خاوند کو میرے ہاتھ کا کھانا بہت پسند ہے، جس پر جج محمد بشیر نے جواب دیا نیب والے خود کھانا بناتے ہیں جو بہت اچھا ہوتا ہے۔ نیب والے خود بھی وہی کھانا کھاتے ہیں اور ملزم کا بڑا خیال رکھتے ہیں۔ بعد میں کئی ملزم کہتے ہیں کہ انہیں نیب کے پاس ہی رہنے دیں۔

جج محمد بشیر نے ملزم کی اہلیہ کی استدعا پر حوالہ دیتے ہوئے ایک واقعہ سنایا کہ ایک دفعہ ملزم نے اپنے بیٹے سے کہا ایک کروڑ واجبات کی ادائیگی سے اسے رہائی مل سکتی ہے لیکن بیٹے نے یہ کہہ کر رقم دینے سے انکار کر دیا کہ ابا جی اب آپ کی زندگی رہ ہی کتنی گئی ہے۔

 

Advertisement