نواز شریف کی طبعیت معمول کے مطابق، غلط بیانی نہ کی جائے: شہباز گل

Last Updated On 20 March,2019 09:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت معمول کے مطابق ٹھیک ہے، گزارش ہے کہ غلط بیانی نہ کی جائے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر شہباز گل نے لکھا کہ میری ‏جیل حکام سے بات ہوئی ہے۔ آج نواز شریف صاحب نے صبح 9 بجے ناشتہ کیا جس میں انہوں نے دو انڈے اور روٹی کھائی جبکہ دوپہر میں کریلے، چکن اور تازہ سلاد لیا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے لکھا کہ نواز شریف کی طبیعت معمول کے مطابق ٹھیک ہے۔ گزارش ہے غلط بیانی نہ کریں اور اپنے معصوم ورکرز کو بیوقوف نہ بنائیں۔ حکومت کی طرف سے اجازت ہے جس جس نے کل ملنا ہے ضرور ملاقات کریں۔

مریم نواز شریف کی ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے لکھا کہ کل تک تو آپ کہہ رہی تھیں کہ کسی کو ملنے نہیں دیا جا رہا، اب ملاقات کا دن آیا تو آپ خود لوگوں کو ملاقات سے روک رہی ہیں۔ براہ کرم اپنے والد کی صحت پر سیاست نہ کریں۔ ہم میاں صاحب کی صحت کیلئے دعاگو ہیں اور ہر طرح کی طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔

 

 

Advertisement