لاہور میں ای چالان سسٹم کے ذریعے 13 کروڑ سے زائد خزانے میں جمع

Last Updated On 21 April,2019 04:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں ای چالان سسٹم نے نتائج دینا شروع کر دیئے، گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 13 کروڑ سے زائد کی رقم قومی خزانے میں جمع ہوئی اور سڑکوں پر حادثات میں 70 فیصد سے زائد کمی ہوئی۔

پنجاب سیٖف سٹی اتھارٹی نے لاہور میں اکتوبر 2018 سے ای چالان کا سسٹم متعارف کروایا یعنی سٹرک پر جو کوئی بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے گا چالان اس کے گھر کی دہلیز پر پہنچے گا۔ دنیا نیوز کو موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 10 لاکھ ای چالان ہوئے، ان میں گاڑیوں کے 5 لاکھ 80 ہزار جبکہ موٹر سائیکلوں کے 4 لاکھ ای چالان خلاف ورزی کرنے والوں کے گھروں میں بھیجوائے گئے۔

اسی طرح ہیوی ٹریفک یعنی ٹرک اور بسوں کے 20 ہزار ای چالان کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق 10 لاکھ چالانوں میں سے تقریبا 50 فیصد ہی چالان شہریوں نے جمع کروائے اور اس مد میں قومی خزانے میں 13 کروڑ 40 لاکھ 69 ہزارروپے جمع ہوئے۔ سیف سٹی حکام کے مطابق ای چالان کے باعث شہر کی ٹریفک منظم ہونا شروع ہو گئی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ای چالان کے بعد ٹریفک وارڈنز سے تلخ کلامی کے واقعات کم ہو گئے ہیں جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں بھی کمی آئی ہے۔

سیف سٹی اتھارٹی اگلے ماہ سے چالان جمع نہ کروانے والوں کے خلاف کاروائی کا آغاز کرے گی جس میں نہ صرف جرمانہ دگنا جمع کروانا ہو گا بلکہ گاڑی بھی جرمانے کی ادائیگی تک تھانے میں بند ہو گی۔