گورنر سرور کا عشائیہ: پرویز الٰہی، جہانگیر ترین شریک نہ ہوئے

Last Updated On 26 April,2019 12:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گور نر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی دعوت کے باوجود سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور جہانگیر خان ترین گور نر ہاؤس کے عشائیہ میں شریک نہیں ہوئے۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کی شام گور نر ہاؤس لاہورمیں دیئے جانے والے عشائیہ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نعیم الحق سمیت اراکین پارلیمنٹ کی کثیرتعداد شر یک ہوئی تاہم سپیکر پرویز الٰہی اور جہانگیر خان ترین گورنر ہاؤس کے عشائیہ میں میں شر یک نہ ہوئے۔
نعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس حوالے سے بتایا کہ جہانگیر ترین کچھ مصروفیات کی وجہ سے شر یک نہی

ں ہوئے ان سے ٹیلی فون پر اس حوالے سے رابطہ ہوا ہے۔ نعیم الحق نے کہا کہ گورنر یا کسی اور کو تبدیل کرنے سے متعلق جو بھی افواہیں گردش کر رہی تھیں ان میں کوئی حقیقت نہیں، مسلم لیگ ق سے بھی اچھے تعلقات ہیں، ہم بلدیاتی انتخابات کی تیاری کر رہے ہیں۔

نعیم الحق نے کہا کہ ترقیاتی کاموں پر توجہ ہے وزیراعظم کیساتھ دن رات ہوتا ہوں، گورنر کی تبدیلی کے حوالے سے ذکر نہیں ہوا، پارٹی میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے ہیں، پارٹی عمران خان کی قیادت میں متحد ہے، گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ پر وزیراعظم کا مکمل اعتماد ہے، ہم اس نظام کو بدل کر ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جس سے عوام کی فلاح و بہبود میں مدد ملے، موجودہ نظام میں ایسے قوانین موجود ہیں جو ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صدارتی نظام کی طرف نہیں جا رہے، 7 نئے قوانین لا رہے ہیں، مسودہ تیار ہے۔