نیب کی حرکتوں کی وجہ سے سرمایہ کاربھاگ گئے: حمزہ شہباز

Last Updated On 25 April,2019 04:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیب، نیازی گٹھ جوڑ نے معیشت کا برا حال کر دیا۔ نیب اورمنشا بم میں کوئی فرق نہیں ہے۔

دنیا نیوزکے مطابق حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب نے اساتذہ کوہتھکڑیاں لگا کر قوم کو شرمندہ کیا۔ پلی بار گین کو بھتہ خوری کا نظام بنایا گیا۔ نیب کا احتساب قوم کرے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب کی حرکتوں کی وجہ سے سرمایہ کاربھاگ گئے ہیں۔ آج معیشت کا بیڑہ غرق ہوچکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اس دن سے ڈرو جب قوم تمہارا احتساب کرے گی۔ دعا کرتا ہوں اللہ ان کے شر سے قوم کو محفوظ رکھے۔ یہ کھلاڑی نہیں کھلنڈرا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 71 سالہ تاریخ میں ڈالر کی قیمت سب سے زیادہ ہے۔ رمضان میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہرنکلنے والا ہے اور بجلی، گیس، 80 فیصد مہنگی ہونے والی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کے دوران حمزہ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو حکومت میں آنے سے پہلے نالائق کہتے تھے اب یہ ان کو اچھے لگنا شروع ہو گئے ہیں۔
 

Advertisement