شریف فیملی کیلئے مبینہ منی لانڈرنگ، پانچواں ملزم گرفتار

Last Updated On 23 April,2019 09:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے شریف فیملی کیلئے مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں پانچویں ملزم آفتاب محمود کو گرفتار کر لیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، ان کے صاحبزادوں، سلمان شہباز اور حمزہ شہباز کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق نیب کو اس کیس میں کلیدی پیشرفت ہوئی ہے۔ نیب لاہور نے شریف فیملی کیلئے مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں پانچویں ملزم آفتاب محمود کو گرفتار کر لیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق ملزم آفتاب محمود کی گرفتاری زیر حراست ملزم شاہد رفیق سے جاری تحقیقات میں ہونیوالے انکشافات پر عمل میں لائی گئی ہے۔ دونوں ملزمان آپس میں کزن ہیں جو باہمی رضامندی سے کروڑوں روپے غیر قانونی طور پر شریف فیملی کے اکاؤنٹس میں منتقل کرتے رہے۔

نیب حکام کا کہنا ہے کہ ملزم شاہد شفیق سے دوران تحقیقات میں اہم شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں۔ ملزم آفتاب محمود "عثمان انٹرنیشنل" نامی فارن کرنسی ایکسچینج بیک وقت لندن اور برمنگھم سے آپریٹ کرتا اور غیر قانونی طور پر حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور دیگر کے اکاؤنٹس میں بوگس ٹی ٹی لگاتا رہا۔

پہلے سے گرفتار ملزمان میں فضل داد، قاسم قیوم، محمد مشتاق اور ملزم شاہد رفیق شامل ہیں۔ نیب لاہور کی ٹیمیں دوران تحقیقات تاحال شہباز شریف فیملی کیخلاف کم وبیش 3 ارب کی مبینہ منی لانڈرنگ کے شواہد حاصل کر چکی ہیں۔

تحقیقات کو مزید آگے بڑھانے کیلئے گرفتار ملزم آفتاب محمود کو 24 اپریل کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائیگا اور اس کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کے حصول کی استدعا کی جائے گی۔

 

Advertisement