'کم عمری کی شادی روکنے کیلئے آگاہی مہم قانون سازی سے بہتر ہے'

Last Updated On 03 May,2019 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کم عمری کی شادی روکنے کیلئے آگاہی مہم قانون سازی سے بہتر ہے، 18 سال کی حد مقرر کرنے سے پیچیدگیاں ہوں گی۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ حکومت ایسے اسباب کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے، کونسل کے متعدد اجلاسوں میں اس موضوع پر طویل مباحثہ ہوا، اجلاس میں کونسل کے شعبہ تحقیق نے 10 صفحات پرمشتمل جامع رپورٹ پیش کی تھی، رپورٹ میں 12 مسلمان ممالک میں شادی کی عمر کی تفصیل بیان کی گئی تھی، عمر کی تعین کے حق اور مخالفت میں علماء کرام کے دلائل بھی رپورٹ کا حصہ تھے، کونسل نے 3 گھنٹے کی بحث کے بعد سابق مفتی اعظم مولانا مفتی شفیع مرحوم کے موقف کی تائید کی۔

کونسل نے قرار دیا کہ کمسنی کی شادی مسائل کا باعث بنتی ہے، حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہئے، کونسل اراکین کا اتفاق تھا کہ قانون سازی اور عمر کی پابندی سے بھی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔