نیب نے آغا سراج درانی کیخلاف ریفرنس تیار کر لیا

Last Updated On 21 May,2019 05:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آمدن سے زائد اثاثے، غیر قانونی بھرتیوں اور سندھ اسمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ کے فنڈز میں خورد برد کا الزام، نیب نے آغا سراج درانی کیخلاف ریفرنس تیار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے معاملے میں سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کیخلاف ریفرنس تیار کر لیا گیا ہے جس کی چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبل نے منظوری دے دی ہے۔

احتساب عدالت میں سماعت کے دوران نیب تفتیشی افسر نے ریفرنس کی تیاری سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ بائنڈنگ ہونی ہے، ریفرنس دائر کرنے کیلئے مزید مہلت دی جائے۔

جس کے بعد عدالت نے سماعت تیس مئی تک ملتوی کرتے ہوئے سپیکر سندھ اسمبلی کے عدالتی ریمانڈ میں بھی توسیع کر دی۔ ادھر آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ ریفرنس کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔

خیال رہے کہ آغا سراج درانی کی گرفتاری کو 3 ماہ مکمل ہو گئے ہیں، انہیں بیس فروری کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ آغا سراج درانی کے وکلا کو ریفرنس کی نقول بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔
 

Advertisement