آصف زرداری کا جعلی اکاؤنٹس کیس منتقلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

Last Updated On 28 May,2019 02:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف علی زرداری نے جعلی اکاونٹس کیس منتقلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اپیل دائر کی۔

مقدمہ بنکنگ کورٹ سے احتساب عدالت اسلام آباد منتقل کرنے کے خلاف اپیل دائر کی گئی۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف زرداری پیپلز پارٹی کے صدر اور بے نظیر شہید کے شوہر ہیں، انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، ماضی میں بھی وہ من گھڑت اور جھوٹے مقدمات سے بری ہوئے۔

 وکیل فارق ایچ نائیک نے کہا کہ ایف آئی اے نے جعلی بنک اکاونٹس کیس میں تحقیقات کا آغاز کیا اورعبوری چالان میں آصف زرداری کو ملزم نامزد نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی سے تحقیقات کے بعد معاملہ تحقیقات کے لیے نیب کو بھجوایا۔

آصف زرداری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کرتے ہوئے کیس بنکنگ کورٹ سے احتساب عدالت منتقل کر دیا گیا۔ جعلی اکاؤنٹس کا معاملہ بینکنگ کورٹ کے دائرہ کارمیں آتا ہے، اسے احتساب عدالت کو منتقل کرنے کا کوئی قانونی جواز نہیں۔