بزرگ خاتون نے بلاول بھٹو کو روک لیا، نیب پیشی پر پولیس تشدد کی شکایت

Last Updated On 31 May,2019 05:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ایک بزرگ خاتون نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو روک لیا اور نیب میں پیشی کے موقع پر پولیس تشدد کی شکایت کی۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق بزرگ خاتون چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بیٹا کہہ کر مخاطب کرتی رہی اور کہا کہ بیٹا! آپ کی نیب پیشی کے موقع پر پولیس نے مجھے بہت مارا۔

بلاول بھٹو زرداری نے بزرگ خاتون کی فریاد سنی، انہیں تسلی دی اور کہا کہ حکومت نے عوام کا کیا حال کر دیا اور پھر بھی اسے مدینہ کی ریاست کہتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ ظالم حکمران ہیں، مدینہ کی ریاست نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے بزرگ خاتون کو گلے لگا کر ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ بزرگ خاتون کی خواہش پر بلاول بھٹو زرداری نے ان کے ساتھ سیلفی بھی بنوائی۔
 

Advertisement