بلاول بھٹو نے علی وزیر کا پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کردیا

Last Updated On 29 May,2019 08:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی ایم رہنما اور ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈیکشن جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود سپیکر سے اس کی درخواست کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب تمام لوگوں کو آزادی اظہارِ رائے کا حق حاصل ہو، جب سب کے لیے برابری کا نظام ہوگا تو ملک مضبوط ہوگا۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے گرفتار رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس مزید 2 دن کے لیے منعقد نہیں ہو رہا جس کی وجہ سے میں نے پروڈکشن آرڈر کا مطالبہ میڈیا کے توسط سے کیا کیونکہ اس وقت ایوان میں تقریر نہیں کر سکتا۔

اپنی پریس کانفرنس کے اختتام پر ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کا 18ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پر جو موقف ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
 

Advertisement