’فوج پر حملہ کرنیوالوں کو ایوان میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے‘

Last Updated On 29 May,2019 08:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فوج پر حملہ کرنیوالوں کو ایوان میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے آج بلاول کی پیشی کے موقع پر خواتین کو شیڈو کے طور پر استعمال کیا۔ نیب سوال پوچھتی ہے تو یہ میں میں کرتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فوج پر حملہ کرنیوالوں کو ایوان میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاک افواج پر حملہ کرنیوالوں کو ایوان میں بلانے کا مطالبہ کرکے آپ اپنی ماں کے نظریے سے ہٹ رہے ہیں۔ نابالغ سیاستدانوں کو مزید سیاسی بلوغت چاہیے

ان کا کہنا تھا کہ نیب جو سوال پوچھتا ہے اس کا جواب دیا جائے۔ کچھ سیاسی جماعتیں کارکنان کو ایندھن بنانا چاہتی ہیں۔ بلاتی انھیں نیب ہے اور یہ کارکنان کو بلا لیتے ہیں، جیسے کوئی قلعہ فتح کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج نیب کی پیشی پر سیاسی طور پر زندہ رہنے کی ناکام کوشش ہوئی۔ کچھ سیاسی جماعتیں وفاق کی نمائندگی کی بجائے سندھ کے کچھ اضلاع تک محدود رہ گئی ہیں۔
 

Advertisement