صوبائی حکومت نے بچت اور کفایت شعاری کا بجٹ دیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Last Updated On 28 June,2019 09:28 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کا بجٹ بچت اور کفایت شعاری کا بجٹ ہے، جس کا آغاز پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے خود سے کیا۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیراعلیٰ آفس کے بجٹ میں سب سے زیادہ کٹوتی کرتے ہوئے آپریشنل اخراجات میں 58 فیصد کمی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جاری اخراجات میں صرف 2.7 فیصد اضافہ کرکے سب سے کم اضافے کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ نان سیلری، آپریشنل، ایم اینڈ آر اور دیگر مدات میں 10 سے 20 فیصد تک کمی بچت کیلئے عملی اقدامات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہونے والی شاہ خرچیوں کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کے نام پر ذاتی رہائشگاہوں کی تعمیر ومرمت کا سلسلہ بھی ختم کر دیا گیا ہے، جس پر سابق دور میں 28 کروڑ روپے خرچ کئے گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 2 ہزار سے کم کرکے 5 سو کر دی گئی ہے۔ سابقہ روایات کے برعکس لاہور میں میرا کوئی کیمپ آفس، نجی رہائشگاہ یا کوئی دوسرا دفتر نہیں، ہم قومی خزانے کے امین ہیں اور عوام کا پیسہ عوام کی فلاح وبہبود پر ہی خرچ کریں گے۔

پنجاب اسمبلی میں نئے مالی سال 2019-20ء کے بجٹ کی حتمی منظوری کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اسمبلی سٹاف کے لئے 3 ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے گزشتہ سال کی نسبت 47 فیصد زیادہ فنڈز مختص کئے ہیں۔ ذاتی نمود ونمائش کے منصوبوں کی بجائے انسانی ترقی کو اپنا محور بنایا ہے اور اس کے پیچھے ہمارے قائد وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھ اور میری ٹیم پر جس غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہم اس اعتماد پر پورا اتریں گے۔ میں سب سے پہلے اللہ رب العزت کا شکر بجا لاتا ہوں جس نے ہمیں عوام کی نمائندگی کا منصب عطا کیا اور کروڑوں لوگوں کی خدمت کی توفیق دی۔

اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج ایک تاریخی اور یادگار دن ہے جب پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا پہلا باقاعدہ بجٹ منظور ہوا ہے جس پر میں اس پر پورے ایوان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بہترین بجٹ پیش کرنے پر صوبائی وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم بھی مبارکباد کی مستحق ہے۔
 

Advertisement