بھارت کی پاکستان سے سفارتی تعلقات معمول پر لانے کی درخواست

Last Updated On 08 August,2019 07:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی جانب سے سفارتی تعلقات محدود کرنے پر بھارتی حکومت کے ہوش ٹھکانے آگئے، بھارت نے پاکستان سے سفارتی تعلقات معمول پر لانے کی درخواست کر دی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے دعویٰ کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بات چیت کا راستہ کھلا رکھنا چاہیئے، پاکستان اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

یاد رہے گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کیساتھ سفارتی تعلقات میں بتدریج کمی اور باہمی تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 5 نکاتی اعلا میے میں کہا گیا کہ بھارت کیساتھ دو طرفہ معاہدوں پر نظر ثانی کی جائیگی، مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے گا جبکہ 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر اور 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منایا جائے گا، وزیر اعظم نے مسلح افواج کو چوکس رہنے کی ہدایت بھی کی۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ہونیوالے فیصلوں کی روشنی میں پاکستان نے بھارتی سفیر ( ہائی کمشنر) اجے بساریہ کو ملک چھوڑنے کا بھی حکم دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے باضابطہ آگاہ کیا گیا اور یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اپنے نامزد سفیر ( ہائی کمشنر) معین الحق کو بھی نئی دہلی نہیں بھیجے گا۔

Advertisement