پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، حبس میں کمی آگئی

Last Updated On 17 August,2019 11:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کا سپیل اپنے رنگ دکھا رہا ہے، ٹھنڈی ہواؤں اور ابر کرم برسنے سے حبس کی شدت میں کمی آگئی ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سپیل کی انٹری ہوگئی، آسمان سے برستی بوندوں نے موسم کا مزا دوبالا کردیا۔ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم کو حسین بنایا، حبس میں بھی کمی آگئی۔ سیالکوٹ اور ڈسکہ میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اسلام آباد میں بھی آسمان پر بادل چھائے اور پھر خوب برسے، ڈیرہ غازی خان، وزیر آباد، منڈی بہاؤالدین میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ موسم کا حال بتانے والوں نے بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی موسم ابر آلود رہے گا، بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔ طوفانی بارشوں کے باعث نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔
 

Advertisement