مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، پاکستان کا عالمی دنیا سے روابط تیز کرنیکا فیصلہ

Last Updated On 08 September,2019 09:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو مختلف فورمز پر اٹھانے کے لیے عالمی برادری سے روابط تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے زیر صدارت ”کشمیر سیل“ کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں صدر آزاد کشمیر، وفاقی وزیر قانون اور سیکرٹری خارجہ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر لانے کے لیے اپنی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سیل کے قیام کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو مختلف فورمز پر اٹھانے کے لیے روابط تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ میں ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے آج جینوا روانہ ہوں گا جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے مندوبین کے سامنے نہتے کشمیریوں کا مقدمہ پیش روخں گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی ضمیر کو جھنجوڑیں گے۔ نہتے کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے۔
 

 

Advertisement