اقوام متحدہ کا کردار عالمی امن کے قیام میں واضح ہونا چاہیے، وزیر داخلہ اعجاز شاہ

Last Updated On 16 September,2019 08:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی عالمی سطح پر امن وامان کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کا کردار عالمی امن کے قیام میں واضح ہونا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے اقوام متحدہ کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ اقوام متحدہ کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد کی سکیورٹی صورتحال سے مطمئن ہیں، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت کا 2008ء میں فیملی سٹیشن کا درجہ بحال کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ غیر ملکی حکام کے این او سی کے حصول کو آسان بنانے کے پالیسی زیر غور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی عالمی سطح پر امن وامان کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کا کردار عالمی امن کے قیام میں واضح ہونا چاہیے۔
 

Advertisement