کراچی کے مختلف علاقوں میں رم جھم، بجلی کی آ نکھ مچولی، مزید بارش کی پیش گوئی

Last Updated On 06 October,2019 11:03 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے کئی علاقوں میں بتی گل ہو گئی، شہر میں آج بھی بادل برسنے کی پیش گوئی ہے، شکارپور، لاڑکانہ اور نوابشاہ میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی ابرکرم برسا۔

کراچی میں بارش کی ایک بار پھر انٹری، مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے۔ موسم تو سہانا ہو گیا لیکن نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ ٹریفک کی روانی متاثرہوئی۔ بارش کی بوندیں برستے ہی شہر میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔ کورنگی، ڈیفنس، ملیر، ماڈل کالونی، ایئرپورٹ، گلشن اقبال اور دیگر علاقوں میں کے الیکٹر ک کے ناقص سسٹم کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی شہر قائد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

مغرب سے آنے والا سسٹم بلوچستان کےراستے سندھ میں داخل ہو رہا ہے جو رات کو گزر جائے گا۔۔ ادھر شکارپور، لاڑکانہ اور نوابشاہ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی ابرکرم برسا جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، بجلی بھی رات بھر غائب رہی۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے خنکی بڑھ گئی، احمد پور شرقیہ، چنی گوٹھ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی سردی نے دستک دیدی۔

موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ خیبر پختونخوا، کشمیر، جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بھی چند مقامات پر بادل برسیں گے۔

 

 

Advertisement