اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی کمیٹی اور رہبر کمیٹی کے درمیان ایک مرتبہ پھر رابطہ ہوا ہے، دونوں فریقوں کے درمیان ملاقات کا وقت طے پا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی کے سربراہ اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی سے رابطہ کیا ہے، اس سے قبل پرویز الٰہی نے بھی مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کیا تھا، دونوں حکومتی کمیٹی ممبران نے مولانا سے مذاکرات کا وقت مانگ لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں فریقوں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے بعد جمعۃ المبارک کو ملاقات ہو گی، 25 اکتوبر کو شام 5 بجے مذاکرات ہونگے۔ مذاکرات رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی کی رہائشگاہ پر ہونگے۔
ذرائع کے مطابق مزاکرات سے قبل، اکرم درانی نے رہبر کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے، رہبر کمیٹی کا اجلاس 25 اکتوبر کو 4 بجے اکرم درانی کی رہائشگاہ پر ہو گا۔
جے یو آئی (ف) کے ممکنہ آزادی مارچ کے حوالے سے حکومتی کمیٹی کے ممبر اور سپیکر پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کیا ہے۔
مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے مولانا فضل الرحمن سے ٹیلیفون کیا، دونوں رہنماؤں نے ٹیلیفون پر ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
گزشتہ روز حکومتی کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ کمیٹی کے اراکین مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف سے رابطہ کریں گے۔ چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کو پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا گیا جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان سے خود رابطہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی کی جانب سے ملنے والے ٹاسک کے بعد چودھری پرویز الٰہی نے مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کیا، رابطے کے دوران باہمی دلچسپی امور اور ملکی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
یا رہے کہ حکومت کی طرف سے قائم کی گئی کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک ہیں، دیگر ممبران میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئر مین سینیٹ صادق سنجران، سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری بھی حکومتی ٹیم میں شامل ہیں۔