اکرم خان درانی کا حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک سے رابطہ

Last Updated On 22 October,2019 04:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی (ف) کے ممکنہ آزادی مارچ کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ملاقات کے لیے رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم خان درانی نے حکومتی کمیٹی کے سربراہ اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک سے رابطہ کیا ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق رہبرکمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے پرویز خٹک کیساتھ ساتھ قائم مقام صدر اور چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی سے بھی رابطہ کیا ہے۔ حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کمیٹی کا اہم اجلاس ساڑھے چار بجے ایوان صدر میں طلب کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتی کمیٹی کا جے یو آئی (ف) سے پہلا رابطہ، عبدالغفور حیدری سے آج ملاقات طے

ذرائع کے مطابق رہبر کمیٹی کے سربراہ اور جے یو آئی (ف) کے رہنما اکرم درانی نے حکومتی کمیٹی کے ارکان اور سربراہ کو اپنے مطالبات سے آگاہ کر دیا اس کے جواب میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے اکرم درانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے، مشاورت کر کے آپ سے رابطہ کریں گے۔

رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم خان درانی کا کہنا تھا کہ میری وزیر دفاع پرویز خٹک اور چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی سے بات ہوئی ہے، حکومتی کمیٹی کو بتایا ہے کہ مؤقف ماور مطالبات پہلے والے ہیں، حکومتی کمیٹی مشاورت کر کے بتائے گی حکومت مذاکرات کرنا چاہتی ہے کہ نہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے جے یو آئی (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور سے بھی رابطہ کیا تھا، دونوں رہنماؤں میں رابطے کے بعد ملاقات پر اتفاق ہوا تھا، تاہم جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کی ہدایت کے بعد یہ ملاقات منسوخ کر دی گئی تھی۔