فیصل آباد: ایم ٹی آئی ایکٹ کیخلاف ڈاکٹروں کا احتجاج جاری، مریضوں کی مشکلات میں اضافہ

Last Updated On 28 October,2019 07:09 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف ڈاکٹروں کا احتجاج جاری ہے جس کی وجہ سے مریضوں کی مشکلات میں شدید اضافہ ہو رہا ہے۔ لیبارٹریاں بند ہونے سے ہزاروں ٹیسٹ نہ ہو سکے۔

فیصل آباد میں ہر چوتھا شہری ہیپاٹائٹس کے مرض کا شکار ہے۔ ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف ڈاکٹرز کا احتجاج تیسرے ہفتے میں داخل ہو چکا ہے۔ احتجاج کی وجہ سے سول اور الائیڈ ہسپتال کی لیبارٹریاں بند ہیں۔

لیبارٹریاں بند ہونے سے صرف پی سی آر کے 2 ہزار سے زائد ٹیسٹ ملتوی ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے ہیپاٹائٹس بی اور سی کا کورس کرنے والے مریضوں کو مزید ادویات بھی نہیں مل رہیں، جن کو رپورٹ ملنے پر نئے سرے سے دوبارہ کورس شروع کرنا ہوگا۔

مریض کہتے ہیں حکومت احتجاج ختم کروائے۔ ہڑتال کے باعث مینول اور ڈیجیٹل ایکسرے، سی ٹی سکین، ایم آر آئی ٹیسٹ اور بلڈ ٹیسٹ بھی نہیں ہو رہے۔

ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاج میں شدت آ چکی ہے جس کی وجہ سے غریب مریض پرائیوٹ ہسپتالوں میں دھکے کھا رہے ہیں۔ چند سو میں ہونے والے ٹیسٹ اب ہزاروں روپے میں ہو رہے ہیں۔

 

Advertisement