بابری مسجد کے فیصلے سے سیکولر بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوگیا: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 26 November,2019 04:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بابری مسجد کے فیصلے سے سیکولر بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوگیا، مظلوم کشمیریوں کے تحفظ کیلئے او آئی سی بھارت پر دباؤ بڑھائے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ او آئی سی کو دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے لیے مزید فعال اور موثر کردار ادا کرنا ہے، امہ کو درپیش مسائل اور اسلامو فوبیا جیسے چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے یکساں موقف اور جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ناروے جیسے افسوسناک واقعات روکنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مذاہب کی مقدس شخصیات اور کتب کے احترام کے حوالے سے عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے، ایسے واقعات کو جرم قرار دیا جائے اور مرتکب عناصر کو سزا ملنی چاہئے، مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر سکرٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس فورم سے کشمیریوں کے جمہوری بنیادی حق اور وادی میں سنگین صورتحال کو اجاگر کرنے کیلئے مزید آواز بلند کرنا ہو گی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ بھارت پر زور دیا جائے کہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی پامالیوں اور غیرانسانی پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے۔
 

Advertisement