قانونی کیسز نمٹانے کیلئے کمیٹی تشکیل، وزیراعظم کی منظوری کے بعد نوٹیفیکیشن جاری

Last Updated On 04 December,2019 10:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قانونی کیسز نمٹانے کے لئے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد آٹھ رکنی کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قانونی کیسز نمٹانے کے لئے 8 رکنی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کابینہ ڈویژن نے قانونی معاملات سے متعلق کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق وزیر قانون فروغ نسیم کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ اٹارنی جنرل اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔

کمیٹی نئی قانون سازی یا موجودہ قوانین میں ترمیم سے متعلق سفارشات دیا کرے گی۔ کمیٹی قوانین کے رولز کی کابینہ سے توثیق سے متعلق بھی سفارشات دے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور سیکرٹری قانون بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ وزیراعظم آفس کے جوائنٹ سیکرٹری کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ سیکرٹری کیبنٹ کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے۔
 

Advertisement