ہم دوسروں کی لڑائیاں لڑتے رہے، اب کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے: وزیراعظم

Last Updated On 09 January,2020 10:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری سب سے بڑی کوشش ہوگی کہ ایران اور سعودی عرب میں دوستی کرا دیں، ڈونلڈ ٹرمپ سے کہہ دیا ہے کہ ہم واشنگٹن اور تہران کو بھی قریب لانا چاہتے ہیں. پاکستان دنیا میں امن کا داعی بنے گا۔

ہنرمند جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا سب بڑا اثاثہ ہیں لیکن ماضی میں ان کی تعلیم اور ہنر پر توجہ نہیں دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا لیکن یہاں ایسا نظام تھا جو نچلے طبقے کو اوپر آنے کا موقع نہیں دیتا تھا۔ پاکستان میں ایک چھوٹا سا طبقہ امیر ہوگیا اور باقی پیچھے رہ گئے۔

انہوں نے تقریب میں شریک نوجوانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے انھیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی زندگی میں اچھے برے وقت آتے رہتے ہیں۔ برے وقت میں اپنی اصلاح کرنے کا موقع ملتا ہے۔ میں پاکستان کا روڈ میپ دیتا ہوں کہ ہمارا ملک کس طرف جا رہا ہے۔ پاکستان مشکل وقت سے نکل رہا ہے اور ہم نے ایک عظیم قوم بننا ہے۔ ہم قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے عظیم پاکستان کا خواب پورا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمزور طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ مہذب معاشروں میں سب کو یکساں مواقع ملتے ہیں۔ امریکا میں ہر شعبے میں پاکستانی آگے نکل گئے، اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ انہیں معاشرے نے موقع دیا۔

پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے عوامی فلاح کیلئے اٹھائے گئے مثبت اقدامات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ غریب طبقے کو اوپر لانے کیلئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 190 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ یوٹیلٹی سٹورز کو 7 ارب روپے کا پیکج دیا۔ نادار لوگوں کیلئے لنگر خانے کھولے اور سڑکوں پر سونے والوں کے لیے پناہ گاہیں بنائی گئیں۔غریبوں کو علاج کی سہولیات دینے کیلئے ہیلتھ کارڈ بنائے گئے۔ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے7 لاکھ 20 ہزار سے کسی بھی ہسپتال سے علاج کروایا جا سکتا ہے۔

 

  انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام سے بھی غریب طبقے کو فائدہ ہوگا۔ 2020ء میں ہم نے لوگوں کو روزگار دینا ہے جبکہ اگلے چار سالوں میں پچاس لاکھ گھر بنانے ہیں۔ تنخواہ دار طبقہ گھر نہیں بنا سکتا۔ پچاس لاکھ گھر بنانے سے چالیس انڈسٹریاں چل پڑیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا سب بڑا اثاثہ ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا میں سب سے بہتر تانبے اور سونے کے ذخائر ہمارے ملک میں موجود ہیں۔ ایگری کلچر، پانی کے نظام کو ٹھیک کر لیں تو پیداوار دگنی کر سکتے ہیں۔

ہنرمند پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہںا تھا کہ اس میں 30 ارب رکھے ہیں۔ پہلے فیز میں 10 ارب روپیہ استعمال ہوگا۔ پانچ لاکھ نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے۔ جیسے جیسے پیسہ آئے گا تعلیم، صحت، ٹیکنکل ایجوکیشن پر لگائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں پہلی دفعہ ایسے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ اگر ہم نے نوجوانوں کو ہنرمند بنا دیا تو یہی پاکستان کو سپر پاور بنا سکتے ہیں۔ ماضی میں پاکستانی نوجوانوں کی تعلیم اور ہنر پر توجہ نہیں دی گئی۔ ہنرمند نوجوان پروگرام پر عثمان ڈار اور شفقت محمود کو مبارکباد دیتا ہوں۔

مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور ایران امریکا کے درمیان حالیہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو واضح اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اب پاکستان کسی کی جنگ میں شرکت نہیں کرے گا بلکہ امن والا ملک بنے گا۔ ماضی میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شرکت کر کے پاکستان نے بڑی قیمت ادا کی۔ ہماری سب سے بڑی کوشش ایران اور سعودی عرب میں دوستی کرانا ہے جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہہ دیا ہے کہ ہم واشنگٹن اور تہران کو بھی قریب لانا چاہتے ہیں۔
 

Advertisement