نیب کی شریف فیملی کے دیگر افراد کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

Last Updated On 09 January,2020 07:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے مریم نواز کے بعد شریف فیملی کے دیگر افراد کے نام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی سفارش کر دی ہے۔

نیب لاہور نے نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، یوسف عباس، عبدالعزیز عباس کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے۔ نیب لاہور نے مذکورہ نام چودھری شوگر مل کیس میں شامل کرنے کا کہا ہے۔

ذرائع نیب کے مطابق چودھری شوگر مل کیس میں متعلقہ افراد کیخلاف انکوائری زیر التوا ہے۔ اس سلسلے میں مریم نواز کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی ہے کیونکہ ٹھوس شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی سفارش

خیال رہے کہ نیب لاہور نے مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد کیلئے وفاقی حکومت کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

نیب لاہور کی جانب سے وفاقی حکومت کو لکھے گئے خط میں سفارش کی گئی ہے کہ مریم نواز کی جانب سے بیرون ملک روانگی کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا جائے۔

واضح رہے کہ مذکورہ کیس میں لاہور کی احتساب عدالت نے مریم نواز کو نیب کی جانب سے ریفرنس دائر کرنے تک حاضری سے استثنی دے رکھی ہے۔
 

Advertisement