پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان سمیت ملک بھر میں آج سے پولیو مہم کا آغاز

Last Updated On 17 February,2020 03:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان سمیت ملک بھر میں آج سے پولیو مہم کا آغاز ہوگیا۔ 3 کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

صوبہ پنجاب میں 5 روزہ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ لاہور میں مہم کے دوران 95 ہزار سے زائد پولیو ورکرز حصہ لیں گے، ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔ مہم کی کامیابی کیلئے مختلف گزرگاہوں، بین الصوبائی داخلی راستوں پر ٹیمیں تعینات ہوں گی۔

ڈائریکٹر حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کا کہنا ہے کسی بچے کو پولیو ویکسین سے محروم نہیں رہنےدیں گے، لاہور شہر مہم میں 5 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ڈی سی لاہور دانش افضال کے مطابق پانچ سال سے کم عمر کے 18 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ پورا کیا جا رہا ہے، ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے میں مصروف ہیں، پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لئے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔

سندھ بھر میں بھی انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہو گئی ہے، مہم 23 فروری تک جاری رہے گی، 5 سال سے کم عمر 67 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو رضاکاروں کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی میں اب تک 23 لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بھی 5 روزہ مہم کا آغاز ہوچکا ہے، مہم میں 67 لاکھ 52 ہزار 326 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، مہم کے لئے 28 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیو مہم 17 سے 21 فروری تک جاری رہے گی۔ بلوچستان کے 33 اضلاع میں، 24 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، ان اضلاع میں کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نصیر آباد، جعفر آباد اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔

مہم کے دوران 24 لاکھ سے زائد 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، پولیو مہم کے دوران 10 ہزار 544 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں 8 ہزار سے زائد موبائل ٹیمیں، 955 فکسڈ سائٹ اور 591 ٹرانزٹ پوائنٹ شامل ہیں۔
 

Advertisement