پنجاب اورپختونخوا میں موسلا دھار بارشیں: حادثات میں 17 افراد جاں بحق

Last Updated On 07 March,2020 05:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی، خیبرپختونخوا میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی، بارش اور ژالہ باری سے فصلیں بھی خراب ہوئیں۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی۔

نوشہرہ میں چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔ چارسدہ میں بھی بارش سے چھت زمین بوس ہوگئی،ملبے تلے دب کر بچی جاں بحق ہو ئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے کئی مکانوں کو نقصان بھی پہنچا، کچھ علاقوں میں ژالہ باری سے فصلیں بھی خراب ہوگئیں۔

لاہور، اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جس سے شہریوں کو آمد ورفت میں مشکلات درپیش ہیں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں چوتھے روز بھی بادل برس رہے ہیں، برفباری سے وادی نیلم اور لیپہ کا زمینی رابطہ متاثر ہے۔

مری، گلیات، ایوبیہ، نتھیا گلی اور چھانگلہ گلی میں دو فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ علاقے میں سڑکوں کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کشمیر، بالائی خیبر پختو نخوا اور پوٹھوہار میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
 

Advertisement