چین کے تعاون سے کرونا وائرس کے چیلنجز کیخلاف مدد ملے گی، ترجمان دفتر خارجہ

Last Updated On 19 March,2020 09:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان مشکل وقت میں ہمیشہ ساتھ کھڑے رہے۔ صدر عارف علوی کے حالیہ دورہ چین میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تعاون کے دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ چین کے تعاون سے کرونا وائرس سے پیدا ہونے والے چیلنجز اور اس کے خلاف استعداد کار بڑھانے میں مدد ملے گی۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں پر کرونا وائرس کے اثرات کو وسائل کے موثر استعمال سے زائل کیا جائے گا اور منصوبے بروقت مکمل ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی میں ایک لاکھ 50 کے لگ بھگ پاکستانی اور 15 سو سے 2 ہزار پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ ابھی تک اٹلی میں کرونا وائرس سے صرف ایک پاکستانی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتظامات مکمل ہونے پر ہی ایران سے زائرین کو واپس آنے دیا گیا تھا۔
 

Advertisement