سعید غنی کورونا وائرس سے صحت یاب ہو گئے

Last Updated On 31 March,2020 08:19 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور صوبائی وزیر سندھ سعید غنی کورونا وائرس سے صحت یاب ہوگئے۔ان کی آج ہونے والے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں سعید غنی نے کہا کہ الحمدللّٰہ آج میرے کورونا وائرس کے ہونے والے ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آپ تمام خیر خواہوں کا شکرگذار ہوں جنہوں نے گزشتہ دس روز میں میرے لئے دعائیں کیں اور میری حوصلہ افزائی کی۔ انشااللہ میری کوشش ہوگی کہ آئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں بہتر طور پر انجام دے سکوں۔

واضح رہے کہ کچھ دن قبل سعید غنی نے اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جو کہ مثبت آیا تھا۔ جس کے بعد سعید غنی قرنطینہ میں چلے گئے تھے، تاہم اب اُن کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے، جس کے باعث اب وہ صحتیاب ہوگئے ہیں۔
سعید غنی نے پروگرام دنیا کامران خان کےساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اچھی خوراک ، غرارے اور بھاپ سے ٹھیک ہواہوں
 

Advertisement