ایران میں 35 روز کا شیر خوار کورونا وائرس کا سب سے کم عمر مریض

Last Updated On 30 March,2020 10:22 pm

تہران: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں تیزی سے کورونا وائرس پھیل رہا ہے، بڑوں، نوجوان سمیت ہر کوئی اس مہلک وباء میں مبتلا ہے تاہم ایران سے ایک خبر آئی ہے جہاں پر شمال مشرقی صوبے خراسان میں نومولود شیر خوار بچے میں کورونا وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گناباد یونیورسٹی فار میڈیکل سائنسز کے سربراہ کا کہنا ہے کہ بچے کی عمر صرف 35 دن ہے اور اسے سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

انہوں نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ بچہ ایران میں کورونا وائرس کا سب سے کم عمر شکار ہے۔ سربراہ کے مطابق بچے کی طبی حالت اب اچھی ہے۔

یاد رہے کہ ایران میں اس وبائی مرض کے سبب ہونے والی اموات کی تعداد 2757 تک پہنچ گئی ہے۔ ملک بھر میں کرونا کے 41495 کیس سامنے آ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ مسلسل دو ماہ سے زیادہ عرصے تک انکار کے بعد آخر کار ایرانی حکومت نے تسلیم کر لیا کہ ملک میں کرونا وائرس کی وبا جنوری سے ہی پھیل چکی تھی۔

ایرانی حکومت کی جانب سے قائم کردہ نیشنل کرونا کنٹرول سینٹر کی ایپیڈیمولوجی کمیٹی کے سربراہ علی اکبر حق دوست نے ایک وڈیو پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ ایران میں جنوری 2020ء کے تیسرے عشرے میں کورونا کی وبا پھیل چکی تھی۔

ویڈیو پریس کانفرنس سے خطاب میں حق دوست کا کہنا تھا کہ ایران میں کورونا وائرس صرف چند ہفتوں کے اندر اندر خوف ناک حد تک پھیل گیا مگر شروع میں یہ اتنا زیادہ عام اور خطرناک نہیں تھا۔

علی اکبر حق دوست نے کہا کہ حکام وائرس کے پھیلاؤ کی تشخیص میں دیر کر چکے تھے۔ اسی وجہ سے انہوں نے اس کے پھیلاؤ کا اعلان کرنے میں دیر کی۔ اس عرصے کے دوران یہ بیماری کئی شہروں میں پھیل گئی۔
 

Advertisement